جماران نیوز ایجنسی کے مطابق، سابق ایرانی صدر آیت اللہ اکبر ہاشمی رفسنجانی نے حاج احمد آقا کے حوالے سے ایک واقعہ بیان کیا، جس میں امام خمینیؒ کی کفایت شعاری نمایاں ہوتی ہے۔
حاج احمد آقا کے مطابق، کبھی اگر وہ ڈبے سے دو ٹشو پیپر نکال لیتے تو امام خمینیؒ ناراض ہوجاتے تھے۔ خود امام جب ٹشو استعمال کرتے تو اسے چار حصوں میں تقسیم کرکے ہر حصے کو الگ الگ استعمال کرتے تھے۔
حاج احمد آقا نے امام خمینیؒ کا یہ قول بھی نقل کیا کہ جب انہیں مختلف اداروں، مثلاً شہری پولیس، ژاندارمری، سپاہِ پاسداران اور وزارتِ داخلہ کی جانب سے ایک ہی موضوع پر الگ الگ رپورٹس موصول ہوتیں تو وہ ناراضی کا اظہار کرتے تھے۔
امام خمینیؒ کے بقول، ’’جب میں دیکھتا ہوں کہ مختلف اداروں سے رپورٹس آتی ہیں اور سب نے ایک ہی بات کاغذ پر لکھ کر بھیجی ہوتی ہے تو میرا دل خراب ہوتا ہے۔ ملک میں کاغذ اس طرح استعمال کرنے کا کیا جواز ہے؟‘‘
یہ واقعہ امام خمینیؒ کی اس سوچ کو ظاہر کرتا ہے کہ سرکاری وسائل، خواہ وہ کاغذ ہوں یا روزمرہ استعمال کی معمولی اشیا، غیر ضروری طور پر ضائع نہیں ہونے چاہییں۔