- خبر کاکوڈ: 1726323
امام خمینیؒ عوام پر بھرپور اعتماد رکھتے تھے اور نوجوانوں کو اہم ذمہ داریاں سونپنے پر یقین رکھتے تھے
جماران نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی سپریم کونسل برائے ثقافتی انقلاب کے سیکریٹری عبدالحسین خسروپناہ نے کہا ہے کہ امام خمینیؒ عوام پر بھرپور اعتماد رکھتے تھے اور نوجوانوں کو اہم ذمہ داریاں سونپنے پر یقین رکھتے تھے، یہی وجہ تھی کہ جنگ کے دوران 20 اور 21 سالہ نوجوان لشکر کمانڈ کر رہے تھے۔
خسروپناہ نے حرم امام خمینیؒ میں قومی اتفاق فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینیؒ کے طرز حکمرانی کی بنیاد توحیدی، عوامی اور نوجوان محور حکمرانی پر تھی۔
انہوں نے کہا کہ جب امام خمینیؒ نے اپنی تحریک کا آغاز کیا تو ان کے پاس نہ فوج تھی نہ کوئی بڑا عسکری ڈھانچہ، لیکن وہ اللہ تعالیٰ کے سوا کسی طاقت سے مرعوب نہیں ہوئے اور ایک مضبوط بادشاہت کو چیلنج کیا۔
خسروپناہ کے مطابق امام خمینیؒ کے نزدیک ولایت کا تصور دراصل عوام کی حکمرانی سے جڑا ہوا تھا۔ وہ سمجھتے تھے کہ انقلاب کی کامیابی عوام کے ذریعے ہی ممکن ہے، جبکہ دینی جمہوریت بھی اسی فکر کا حصہ تھی۔
انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ نوجوانوں اور باصلاحیت افراد کو آگے لانے پر یقین رکھتے تھے۔ آج کوانٹم ٹیکنالوجی، کوانٹم کمپیوٹرز اور سینسرز سمیت جدید شعبوں میں ایران کی کامیابیاں بھی نوجوانوں کی صلاحیتوں اور محنت کا نتیجہ ہیں۔
خسروپناہ نے نوجوانوں کو مزید مواقع دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں مشاورت اور فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے نوجوانوں کی مشاورتی اسمبلی کے قیام کو بھی مثبت قدم قرار دیا۔