- خبر کاکوڈ: 1726203
ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف اور مرکزی قرارگاہ خاتم الانبیا کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا ہے کہ ایران کسی صورت تسلیم نہیں کرے گا اور دشمن جنگِ نرم میں بھی کامیاب نہیں ہوسکے گا۔
جماران نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف اور مرکزی قرارگاہ خاتم الانبیا کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا ہے کہ ایران کسی صورت تسلیم نہیں کرے گا اور دشمن جنگِ نرم میں بھی کامیاب نہیں ہوسکے گا۔
جنگِ نرم کے ذمہ داران کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل عبداللہی نے کہا کہ ایران اس وقت امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایک پیچیدہ اور ہمہ جہت ’’ہائبرڈ، نرم اور شناختی جنگ‘‘ کا سامنا کر رہا ہے، جس میں میڈیا، بیانیے اور معاشی دباؤ سمیت مختلف حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا گزشتہ 80 برس سے کسی ملک کی جانب سے ’’نہیں‘‘ سننے کا عادی نہیں رہا، اسی لیے ایران کے خلاف کارروائی سے قبل اسے یہ غلط توقع تھی کہ ایرانی قوم بھی تسلیم کرلے گی، تاہم یہ تصور کبھی حقیقت نہیں بنے گا۔
ایرانی جنرل نے دعویٰ کیا کہ امریکا اور اسرائیل خطے اور ایران کے خلاف فوجی محاذ پر ہونے والی ناکامیوں کا ازالہ جنگِ نرم، شناختی جنگ اور معاشی دباؤ کے ذریعے کرنا چاہتے ہیں، لیکن ایرانی عوام کی جرات اور حکام کی تدبیر کے باعث اس محاذ پر بھی انہیں ناکامی کا سامنا ہوگا۔
انہوں نے قومی اتحاد اور تمام ملکی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس جنگ کا ایک اہم حصہ جنگِ بیانیہ ہے، جس کا مقابلہ منصوبہ بندی اور دانش مندی سے کرنا ہوگا۔ ان کے بقول ایرانی مسلح افواج نے امریکی اور اسرائیلی خطرات کے مقابلے میں غیر متناسب حکمتِ عملی اختیار کرتے ہوئے پہل اپنے ہاتھ میں رکھی ہے۔
جنرل عبداللہی نے مزید کہا کہ ایران نے دنیا کے سامنے مزاحمت کا ایک نیا ماڈل پیش کیا ہے اور آنے والی دنیا ماضی سے مختلف ہوگی، جس میں ان کے دعوے کے مطابق ایران کے لیے بہتر حالات اور امریکی طاقت کا یقینی زوال شامل ہوگا۔