اردو ویب سائٹ - بیٹا ورژن

ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل علی عظمایی کو خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں اہم قومی و دفاعی اثاثوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات پر ایرانی اعلیٰ عسکری قیادت کی جانب سے خصوصی طور پر سراہا گیا ہے۔

جماران نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل علی عظمایی کو خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں اہم قومی و دفاعی اثاثوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات پر ایرانی اعلیٰ عسکری قیادت کی جانب سے خصوصی طور پر سراہا گیا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کے مشیر بریگیڈیئر جنرل رمضان شریف کے مطابق مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل علی عبداللہی نے علی عظمایی کی فیصلہ کن اور مؤثر حکمتِ عملی پر ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے خصوصی تعریفی اعزاز دیا۔

رمضان شریف نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج خلیج فارس اور آبنائے ہرمز سمیت پورے خطے میں ہونے والی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے کسی بھی مزید جارحانہ اقدام کی صورت میں ایرانی فورسز بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

ایرانی عہدیدار نے آبنائے ہرمز میں امریکی بغیر پائلٹ زیرِ آب نظام کو پکڑنے کے سابقہ واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے اسے ایران کی جدید ٹیکنالوجی اور فعال دفاعی صلاحیت کی مثال قرار دیا۔

رمضان شریف نے خبردار کیا کہ اگر مخالف قوتوں نے جارحانہ اقدامات جاری رکھے تو انہیں مستقبل میں ایران کی جانب سے مزید غیر متوقع اور حیران کن کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق آبنائے ہرمز نہ صرف ایران کے لیے انتہائی اہم تزویراتی مقام ہے بلکہ خطے میں طاقت کے توازن پر بھی اس کے گہرے اثرات ہیں۔

واضح رہے کہ خبر میں فوجی کارروائیوں اور نقصانات سے متعلق دعوے ایرانی حکام کے بیانات پر مبنی ہیں، جن کی آزادانہ تصدیق ضروری ہے۔

 

آب و ہوا
نقطۂ نظر اور آراء

مضامین کی ذمہ داری ان کے مصنفین پر ہے، اور اس کی اشاعت کا مطلب ان تبصروں کی منظوری نہیں ہے۔