- خبر کاکوڈ: 1672270
جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ کے رکن نے کہا: رہبر معظم اور مراجع کرام ایک مکمل امتِ اسلام شمار ہوتے ہیں۔ آج ملتِ ایران اور نظام اسلامی کے اتحاد و وحدت نے اوائلِ انقلاب کی یاد تازہ کر دی ہے۔
حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ کے رکن آیت اللہ محمد جواد فاضل لنکرانی نے حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندہ سے گفتگو کے دوران صہیونی مظالم اور جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا: تمام قوم مسلح افواج کی پشت پر ہے اور رہبر معظم انقلاب اسلامی اور مرجعیت کی مطیع ہونے کے ساتھ دشمن کی سازشوں سے آگاہ اور ہوشیار ہے۔
مرکز فقہی ائمہ اطہار (ع) کے سرپرست نے مزید کہا: سب سے اہم نکتہ صہیونی غاصب کی مکمل شکست ہے کو جو آج ایسی قوم کا مقابلہ کرنے کی جرأت کر رہا ہے جو الحمد للہ بیسیوں مسائل کا سامنا کر پہلے سے زیاہد مستحکم اور پائیدار ہے اور جو وطنِ عزیز ایران اور انقلاب اسلامی کے تحفظ میں کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرتی ہے۔
انہوں نے کہا: ہمارا دشمن اپنے خام خیالی میں یہ سوچ رہا تھا کہ وہ شاید پہلے حملے سے ہی ہماری قوم کو متفرق کر دے گا لیکن خدا کا لاکھ شکر ہے کہ آج بھی دشمن کو منہ کی کھانا پڑی اور قرآن کریم کی تعبیر کے مطابق اس قوم نے "بنیانِ مرصوص" ہونے کا ثبوت دیا۔
آیت اللہ محمد جواد فاضل لنکرانی نے کہا: آج ہمارا دشمن بوکھلایا ہوا ہے اور اپنی بقا کے لئے ہاتھ پاؤں مار رہا ہے۔ کبھی وہ اسی بوکھلاہٹ میں رہبر معظم انقلاب کی شان میں گستاخی کرتا اور کبھی اپنے آقاؤں کو مدد کے لئے بلاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: امریکی صدر ٹرمپ کی ہرزہ سرائی اس کی حماقت اور نادانی کی علامت ہے جس سے پتا چلتا ہے نہ وہ ایران کو جانتا ہے اور نہ ہی اسلام اور مرجیعیت کے متعلق علم رکھتا ہے۔ وہ اتنا احمق ہے کہ اسے یہ بھی نہیں معلوم کہ رہبر عظم اور مرجعیت دینی اس نظامِ اسلامی کی اساس و بنیاد ہیں گویا وہ مکمل امتِ اسلام شمار ہوتے ہیں اور اگر ان کی شان میں ذرہ برابر بھی توہین کی تو گویا اس نے تمام امتِ اسلامی کی توہین کی ہے۔