اردو ویب سائٹ - بیٹا ورژن

جماران کی ویب سائٹ

حیی علی الفلاح سوسائٹی، علی گڑھ کے زیر اہتمام اکیڈمک ایکسیلینس ایوارڈ کی تقریب کا انعقاد

نوجوانوں کی پوشیدہ صلاحیتوں اور تعلیمی کامیابیوں کو سراہنے کی ضرورت پر زور

علی گڑھ میں حیی علی الفلاح سوسائٹی اور ایم یو کالج کے اشتراک سے اکیڈمک ایکسیلینس ایوارڈ تقریب منعقد ہوئی، جس کا مقصد نوجوانوں کی تعلیمی کامیابیوں کو سراہنا تھا۔ پروفیسر مرزا محمد محسن، پروفیسر ابرار حسن، اور دیگر معزز شخصیات نے طلباء کی رہنمائی کی۔ بصری پریزنٹیشن کے ساتھ 30 ممتاز طلباء کو ایوارڈز دیے گئے، جن میں پی ایچ ڈی، میڈیکل، مینجمنٹ، انجینئرنگ اور دیگر شعبوں کے نمایاں افراد شامل تھے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،علی گڑھ/ حیی علی الفلاح سوسائٹی، علی گڑھ اور ایم یو کالج، علی گڑھ کے اشتراک سے گزشتہ روز ایم یو کالج آڈیٹوریم میں اکیڈمک ایکسیلینس ایوارڈ کی تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب کا آغاز اظفر فاؤنڈیشن علی گڑھ کے مولانا حیات رضا کی تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا۔ اس موقع پر سوسائٹی کے صدر، اے ایم یو کے ممتاز پروفیسر مرزا محمد محسن نے صدرِ تقریب، مہمانِ خصوصی، معزز مہمانان، دانشوران اور دیگر شرکاء کا استقبال کیا۔ انہوں نے سوسائٹی کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اس تقریب کا مقصد قوم کے نوجوانوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور ان کی تعلیمی کامیابیوں پر انہیں اعزازات سے نوازنا ہے۔

پروفیسر مرزا محمد محسن نے مزید کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ حیی علی الفلاح سوسائٹی اور ایم یو کالج نے مشترکہ طور پر اس نوعیت کی تقریب کا انعقاد کیا ہے تاکہ قوم کے نوجوانوں میں تعلیم کے میدان میں مزید کامیابیاں حاصل کرنے کا جذبہ پیدا ہو۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی، پروفیسر سید ابرار حسن،سابق ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن، اے ایم یو نے کامیاب طلباء و طالبات کو مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے دعا کی۔ محترم سید احمد مہدی حسینی (سیم)، سی ای او، پروفیکٹا، گڑگاؤں اور محترم سید عباس حسن نقوی، ایس ڈی ایم، فیروزآباد نے طلباء و طالبات کی رہنمائی کرتے ہوئے انہیں کیریئر سازی کے مفید طریقے بتائے۔

صدرِ جلسہ، پروفیسر علی امیر نے سوسائٹی کے کاموں کو مزید بہتر بنانے کے لیے کئی مفید تجاویز پیش کیں اور اس قسم کی تقریبات کے تسلسل پر زور دیا۔

جناب اسلم مہدی، سیکریٹری، حیی علی الفلاح سوسائٹی، نے تقریب کے موضوع پر ایک بصری پریزنٹیشن پیش کیا اور ایوارڈ حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے ناموں کا اعلان کیا۔

واضح رہے کہ سوسائٹی کو ایوارڈ کے لیے بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے صرف 30 طلباء و طالبات کو اکیڈمک ایکسیلینس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ایوارڈ یافتگان میں چند نمایاں نام قابل ذکر ہیں: محترمہ سیدہ درخشاں (پی ایچ ڈی، دینیات)،ڈاکٹر حیدر عباس حسین (ڈی ایم، کارڈیالوجی)،محترم تراب حسین (مینجمنٹ)،محترمہ سیدہ معصومہ (بایو کیمسٹری)،محترمہ فاطمہ شبیہ (ہیومینٹیز)،محترم محمد عباس صفوی و محترمہ فاطمہ زہرا (انجینئرنگ) وغیرہ۔

 

آب و ہوا
نقطۂ نظر اور آراء

مضامین کی ذمہ داری ان کے مصنفین پر ہے، اور اس کی اشاعت کا مطلب ان تبصروں کی منظوری نہیں ہے۔