- خبر کاکوڈ: 1670209
ایران اور عمان نے صدر مسعود پزشکیان کے حالیہ دورہ عمان کے دوران باہمی تجارت کو 20 ارب ڈالر تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ مشترکہ چیمبر آف کامرس کے سربراہ جمال رازقی کے مطابق، صدر کے ساتھ 90 تاجروں کا وفد بھی گیا، جس سے اقتصادی تعلقات کو فروغ ملا۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے وزرا اور سینٹرل بینک حکام نے ملاقاتیں کیں۔ مالی لین دین کے مسائل کا حل، چابہار-عمان براہ راست شپنگ لائن، ایرانی اسٹارٹ اپس کے لیے عمان میں جگہ اور تجارتی ٹیرف میں کمی جیسے اہم اقدامات پر بھی اتفاق ہوا۔
تہران/ ارنا- ایران اور عمان کے مشترکہ چیمبر آف کامرس کے سربراہ جمال رازقی نے بتایا کہ صدر پزشکیان کے دورہ عمان کے موقع پر تہران اور مسقط نے باہمی تجارت کو 20 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ٹھوس فیصلہ کیا۔
جمال رازقی نے کہا کہ ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ساتھ 90 تاجر بھی اس دورے پر گئے تھے جو اقتصادی تعلقات میں فروغ کا بہترین موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے صدر کے دورہ عمان کے موقع پر دونوں ممالک کے وزرا اور سینٹرل بینک کے سربراہان نے بھی ملاقات کی۔
جمال رازقی نے کہا کہ ایران اور عمان کے تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے فوری طور پر آئندہ ایک مہینے کے دوران مالی لین دین کے مسائل کے حل، چابہار اور عمان کے مابین براہ راست شپنگ لائن کے انعقاد، ایرانی اسٹارٹ اپس کے لیے عمان میں جگہ مقرر کرنے اور تجارتی ٹیرف کم یا ختم کرنے جیسے فیصلے کیے گئے ہیں۔