- خبر کاکوڈ: 1670171
انہوں نے امریکہ، اسرائیل اور ہر طاغوتی نظام کو للکارا اور دنیا کو بتایا کہ اگر ایک مومن خدا پر بھروسہ کرے تو کوئی طاقت اسے نہیں جھکا سکتی
تحریر: عاشق حسین سھتو
حوزہ نیوز ایجنسی | آج ہم ایک ایسے مردِ مجاہد، عارفِ کامل اور رہبرِ کبیر کی برسی منا رہے ہیں، جنہوں نے نہ صرف ایران بلکہ دنیا بھر کے مظلومین کے دلوں میں امید کی شمع روشن کی۔ اور وہ عظیم شخصیت امام خمینیؒ ہیں۔
رہبر کبیر آیت اللہ روح اللہ سید الموسوی خمینیؒ کی وفات ۳ جون ۱۹۸۹ء کو حرکتِ قلب بند ہونے کی وجہ سے تہران میں ہوئی۔ آیت اللہ العظمٰی سید روح اللہ موسوی خمینیؒ درحقیقت کربلا کی راہ کے ایک بزرگ سپاہی تھے۔ امام خمینیؒ صرف ایک سیاسی رہنما نہیں تھے بلکہ ایک فقیہ، مفسر، عارف، مصلح اور رہبر بھی تھے۔ ان کی زندگی کا ہر لمحہ قرآن، اہلِ بیتؑ اور رسول اکرم ﷺ کی تعلیمات کا عملی نمونہ تھا۔
استعمار کے خلاف قیام:
انہوں نے امریکہ، اسرائیل اور ہر طاغوتی نظام کو للکارا اور دنیا کو بتایا کہ اگر ایک مومن خدا پر بھروسہ کرے تو کوئی طاقت اسے نہیں جھکا سکتی۔
ولایتِ فقیہ:
امام خمینیؒ کا پیش کردہ نظامِ "ولایتِ فقیہ" اسلامی فکر کا عملی پہلو ہے، جس کے تحت ایک عادل اور با بصیرت فقیہ قوم کی قیادت کرتا ہے تاکہ معاشرہ عدل و انصاف پر قائم رہے۔
وحدتِ امت:
امام خمینیؒ ہمیشہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد کے داعی رہے۔ وہ شیعہ سنی اختلافات کو دشمن کی سازش قرار دیتے اور فرمایا کرتے: "شیعہ اور سنی دو ہاتھ ہیں، جو ایک جسم کو مکمل کرتے ہیں۔"
امام خمینیؒ سے تجدید عہد:
امام خمینیؒ کی برسی صرف ایک تعزیتی دن نہیں بلکہ عہدِ نو کی تجدید کا دن ہے۔ آج ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ:
ہم ظلم کے خلاف آواز بلند کریں گے۔
ہم دنیا بھر کے مظلومین کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
ہم امام خمینیؒ کے مشن کو جاری رکھیں گے۔
آج اگر ہم امام خمینیؒ کی یاد منا رہے ہیں تو ہمیں ان کے افکار، ان کے پیغام اور ان کے مشن کو اپنانا ہوگا۔ امام زین العابدین انسٹیٹیوٹ آف تعلیماتِ قرآن و اہلبیت کے جوان ہمیشہ شہداء ملتِ جعفریہ، بالخصوص علمائے کرام اور مراجعِ عظام کی خدمات کو یاد کرتے رہیں گے اور ان کی فکر و تعلیمات کو عام کریں گے۔
امام خمینیؒ کی سیرت کا سب سے نمایاں پہلو یہ تھا کہ دشمن سے نہ ڈرو اور اس کی سازشوں سے غافل نہ رہو۔ ان کی یہ دعا ہمیشہ ہمارے سامنے رہنی چاہیے: "خدایا! ہمیں اپنے دین کا خادم بنا، نہ کہ دنیا کا غلام!"
اللہ تعالیٰ ہمیں امام خمینیؒ کے افکار پر چلنے، ان کی قربانیوں کو سمجھنے اور ان کے انقلاب کے حقیقی وارث بننے کی توفیق عطا فرمائے۔